گلگت بلتستان کی طالبات کا عالمی سطح پر شاندار کارنامہ — AMO 2025 میں گولڈ اور سلور میڈل

گلگت بلتستان کے دور دراز اور پہاڑی علاقے ضلع گانچھے سے تعلق رکھنے والی طالبات نے عالمی سطح پر شاندار کامیابی حاصل کر کے پاکستان کا نام روشن کر دیا ہے۔ قائدِ ملت پبلک سکول امیرآباد چھوربٹ کی ہونہار طالبات نے اپنی محنت اور صلاحیتوں کے ذریعے بین الاقوامی مقابلے میں نمایاں مقام حاصل کیا۔

تفصیلات کے مطابق طالبہ حرا فرمان (کلاس 7th) نے انٹرنیشنل میتھ مقابلے امریکن میتھمیٹکس المپیاڈ (AMO 2025) میں گولڈ میڈل اپنے نام کیا، جبکہ معصومہ ابراہیم (کلاس 5th) نے اسی مقابلے میں سلور میڈل حاصل کیا۔

سیاچن جیسے دور افتادہ اور مشکل علاقے کی طالبات کی یہ کامیابی نہ صرف گلگت بلتستان بلکہ پورے پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ یہ کارنامہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کے دور دراز علاقوں میں بھی بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے جو اگر صحیح رہنمائی اور سہولیات حاصل کرے تو عالمی سطح پر بہترین کارکردگی دکھا سکتا ہے۔

قائدِ ملت پبلک سکول امیرآباد گزشتہ 25 سالوں سے اپنے محدود وسائل کے باوجود علاقے کے یتیم، غریب اور مستحق طلبہ و طالبات کو مفت اور معیاری تعلیم فراہم کر رہا ہے۔ اس ادارے کا مقصد تعلیم کو عام کرنا اور ہر بچے تک بنیادی سہولیات پہنچانا ہے۔

سکول میں بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں جنہیں مکمل طور پر مفت تعلیم دی جا رہی ہے، جو کہ علاقے کی تعلیمی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

یہ کامیابی نہ صرف ان طالبات کی محنت کا نتیجہ ہے بلکہ اساتذہ، ادارے اور والدین کی مشترکہ کاوشوں کا ثمر بھی ہے۔ یقیناً اگر ایسے ہی مواقع اور سہولیات فراہم کی جائیں تو پاکستان کے طلبہ و طالبات عالمی سطح پر مزید کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Exit mobile version